ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی پنڈدادنخان میں کھلی کچہریاں، شہریوں کے مسائل سنے

پنڈدادنخان: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے تھانہ پنڈدادنخان اور تھانہ للِہ میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں کی درخواستوں کی سماعت کی گئی اور ان کے مسائل سنے گئے۔ ڈی پی او نے متعلقہ افسران کو شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔

ڈی پی او جہلم نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد پولیس افسران کو عوام کے سامنے جوابدہ بنانا اور شہریوں کے مسائل فوری طور پر حل کرنا ہے۔ پیش کی جانے والی درخواستوں کا ریکارڈ آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم پر رکھا جاتا ہے اور مقررہ وقت کے اندر ان درخواستوں پر کارروائی کو یقینی بنایا جاتا ہے۔

بعد ازاں ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے تھانہ پنڈدادنخان اور تھانہ للہِ کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے تھانوں کی بلڈنگز، فرنٹ ڈیسک، حوالات، مال خانہ اور میس ہال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تھانہ جات کی صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے اور سرکاری تنصیبات کی حفاظت کے حوالے سے سخت ہدایات دیں۔

ڈی پی او نے تھانہ للِہ کی نئی زیر تعمیر بلڈنگ کا بھی معائنہ کیا اور کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نئی بلڈنگ کی تعمیر سے پولیس افسران کی کارکردگی میں بہتری اور شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی۔

ڈی پی او نے انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کی ہدایات کے مطابق ایف آئی آر کے اندراج کو مقررہ وقت کے اندر یقینی بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے زیر تفتیش مقدمات کو میرٹ پر جلد یکسو کرنے اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے پر زور دیا۔

ڈی پی او جہلم نے کہا کہ تھانوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، اور پولیس کی کارکردگی کو جانچنے کے لیے تھانوں اور دفاتر کے وزٹ کا سلسلہ جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button