جہلم: گرلز ہائی سکول میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے جہلم پولیس کی موک ایکسرسائز

14
جہلم: ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ضلع جہلم میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم بنانے اور ہنگامی حالات میں پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر 1 سول لائن روڈ جہلم میں ایک خصوصی موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔
اس آپریشنل ڈرل میں ایس ایچ او تھانہ سول لائنز کے ساتھ سی ٹی ڈی، ایلیٹ فورس، ریسکیو 1122، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔ موک ایکسرسائز کا مقصد ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے دوران فوری اور مؤثر رسپانس کو عملی طور پر جانچنا اور پولیس فورس کی مہارت کو مزید فروغ دینا تھا۔
فرضی مشق کے دوران کالج کی عمارت کا مکمل حفاظتی معائنہ کیا گیا، اور مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر فوری رسپانس کا مظاہرہ کیا گیا۔ ایلیٹ فورس نے ریپڈ ایکشن لیتے ہوئے عمارت کی کلیئرنس آپریشن انجام دی، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے حفاظتی سوئپ اور سرچ آپریشن کیا، جبکہ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کی فوری منتقلی اور طبی امداد فراہم کی۔ اس کے علاوہ ٹریفک پولیس نے ایمرجنسی روٹس کی ڈائیورشن اور ٹریفک مینجمنٹ کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ امن و امان کا قیام جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ایسی عملی فرضی مشقیں نہ صرف فورس کی مہارت میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر کارروائی کو یقینی بناتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا اور پولیس ہر ممکنہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہے۔



