نکہ چوہدریاں میں روایتی "بیل کراہ اکھاڑہ” سج گیا، پنجاب کی ثقافت کے رنگ بکھر گئے

سوہاوہ/ ڈومیلی: سوہاوہ کی یونین کونسل کوہالی کے نواحی علاقے نکہ چوہدریاں میں پنجاب کی قدیم ثقافت کے عکاس سالانہ "بیل کراہ اکھاڑہ” کا شاندار انعقاد کیا گیا، جہاں پنجاب بھر سے آئے نامور بیلوں کی جوڑیوں نے اپنی طاقت، مہارت اور خوبصورتی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

اس تاریخی اور روایتی اکھاڑے کے بانی چوہدری امین جٹ ہیں، جن کی زیر نگرانی یہ ثقافتی میلہ ہر سال باقاعدگی سے منعقد کیا جاتا ہے۔ رواں سال منعقد ہونے والے اکھاڑے میں ضلع جہلم، گجرات اور دیگر اضلاع سے 20 سے زائد معروف بیلوں کی جوڑیوں نے شرکت کی، جن کے درمیان ہونے والے دلچسپ مقابلوں نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔

ثقافت کے اس دلکش رنگ کو دیکھنے کے لیے ضلع بھر سے شائقین کی بڑی تعداد نکہ چوہدریاں پہنچی۔ نوجوانوں، بزرگوں اور بچوں کا جوش و خروش دیدنی تھا جبکہ میلے کے اطراف کھانے پینے اور روایتی اشیاء کے مختلف اسٹالز بھی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

تقریب میں معروف قانون دان راجہ سہیل شفیق ایڈووکیٹ، چوہدری تصدق ایڈووکیٹ، سابق چیئرمین یونین کونسل کوہالی چوہدری عاشق حسین، ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری عثمان مانی پدھری، مشتاق بھٹی مغل آباد، چوہدری الیاس اور ملک توقیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

مہمانانِ گرامی نے اکھاڑے کے بانی چوہدری امین جٹ اور انتظامیہ کو کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بیل کراہ جیسے روایتی کھیل پنجاب کی ثقافت اور دیہی روایات کا حسین عکس ہیں۔ ایسے میلوں کے انعقاد سے نہ صرف ثقافتی ورثہ محفوظ رہتا ہے بلکہ نئی نسل کو اپنی تہذیبی اقدار سے جوڑنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

اس موقع پر چوہدری فیصل فخرِ ججیال (الخدمت گروپ) کی جانب سے میلے کے انعقاد میں بھرپور تعاون کو بھی سراہا گیا۔

تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بیلوں کے مالکان کی حوصلہ افزائی کی گئی جبکہ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے ثقافتی اور روایتی میلوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ پنجاب کی ثقافت اور روایات کو زندہ رکھا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button