معاشرے کے کمزور طبقات کو فوری انصاف کی فراہمی پولیس کا فرض ہے، ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی زیر صدارت ڈی پی او آفس میں ایس ایس او آئی یو (SSOIU) کے حوالے سے ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ضلع بھر کے تفتیشی افسران اور مدعیان نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد خواتین، بچوں اور ٹرانسجینڈر افراد سے متعلق جرائم پر پولیس کے ردعمل، کارکردگی اور مستقبل کی حکمت عملی کا جائزہ لینا تھا۔
ڈی پی او جہلم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین، بچوں اور ٹرانسجینڈر افراد کے خلاف تشدد، زیادتی اور ہراسگی جیسے سنگین جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان طبقات میں احساسِ تحفظ پیدا کرنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ناقابل قبول ہوگی۔
انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی طرف سے موصول ہونے والی 15 کالز، ویمن سیفٹی ایپ اور پنجاب پولیس پاکستان ایپ پر دی گئی شکایات پر فوری اور موثر کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔
ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے مزید کہا کہ خواتین اور بچوں کے ساتھ زیادتی کے مقدمات میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے اور پولیسنگ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کر کے شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
اجلاس میں افسران کو کیسز کی تفتیش میں شفافیت، رفتار اور حساسیت کو مدنظر رکھنے کی بھی خصوصی ہدایت دی گئی۔ ڈی پی او جہلم نے کہا کہ معاشرے کے کمزور طبقات کو فوری انصاف کی فراہمی پولیس کا فرض ہے اور اس فرض کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت یا سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔



