جہلم: مختلف سرکاری محکموں کے ملازمین نے مقامی میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے مہنگائی کے حوالے سے حکومت کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے مہنگائی میں کمی کے دعوے حقیقت کے برعکس اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہیں۔
ملازمین نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں جبکہ ذخیرہ اندوزوں اور خود ساختہ مہنگائی پیدا کرنے والے دکانداروں کے خلاف کوئی عملی اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ ان کے مطابق مہنگائی اور بیروزگاری کا جن قابو سے باہر ہو چکا ہے، جب تک ان دونوں مسائل کو مؤثر حکمت عملی کے تحت قابو میں نہیں لایا جاتا، ملک میں معاشی استحکام محض ایک خواب ہی رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگی بجلی، گیس اور روزمرہ کی ضروری اشیاء نے عام شہری کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ بجلی کے شعبے کی ناقص کارکردگی نہ صرف قومی معیشت کو نقصان پہنچا رہی ہے بلکہ غریب طبقے پر بھی معاشی بوجھ بڑھا رہی ہے۔ صورتحال اس حد تک بگڑ چکی ہے کہ غریب آدمی دو وقت کی روٹی کو ترس رہا ہے، جبکہ حکومت محض زبانی دعووں تک محدود ہے۔
سرکاری ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر مؤثر اور سخت اقدامات کرے، ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کرے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک اشیائے خوردونوش اور بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں نمایاں کمی نہیں کی جاتی، اس وقت تک غریب اور سفید پوش طبقہ پس کر رہ جائے گا۔
