جادہ چوک اور دینہ میں غیر قانونی ویگن اڈے قائم، انتظامیہ خاموش

جہلم شہر، جادہ چوک اور دینہ میں بااثر ٹرانسپورٹرز نے عرصہ دراز سے غیر قانونی ویگن اڈے قائم کر رکھے ہیں، جس پر آر ٹی اے سیکرٹری، موٹر وہیکل ایگزمینر، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کی خاموشی نے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
دوسری جانب مسافر گاڑیوں میں نصب ناقص گیس سلنڈرز انسانی جانوں کے لیے مسلسل خطرہ بنے ہوئے ہیں۔
ٹرانسپورٹرز نے مبینہ طور پر اپنی مرضی کرتے ہوئے میونسپل کمیٹی دفتر سے ملحقہ راستے، جی ٹی روڈ جادہ اور دینہ سروس روڈ پر غیر قانونی ویگن اڈے قائم کیے ہیں۔ ان غیر قانونی اڈوں کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کے مسائل شدت اختیار کر گئے ہیں بلکہ حادثات اور لڑائی جھگڑے بھی معمول بن چکے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ان غیر قانونی اڈوں اور مسافر گاڑیوں میں نصب ناقص سلنڈرز کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو بخوبی علم ہے لیکن اس کے باوجود کارروائی نہ ہونا انتظامیہ اور پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
مسافروں اور شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور ڈی جی پیرا سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نوٹس لے کر غیر قانونی ویگن اڈوں کا خاتمہ کیا جائے اور ناقص سلنڈرز سے لیس گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کی جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔



