پنڈدادنخان: وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن اور محکمہ صحت کی ہدایات کے مطابق تحصیل پنڈدادنخان میں عطائیت اور غیر قانونی طبی پریکٹس کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں محکمہ صحت نے اپنے ہی ایک ملازم کے خلاف اینٹی کوئیکری کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر غیر مجاز ایلوپیتھک پریکٹس میں ملوث پائے جانے پر اس کا کلینک سیل کر دیا۔
جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے گاؤں اعظم پور یونین کونسل دھریالہ جالپ میں اینٹی کوئیکری انسپیکشن کے دوران محکمہ صحت کے ملازم مسٹر اسد رحمان (CDC) کو مبینہ طور پر غیر مجاز ایلوپیتھک پریکٹس میں ملوث پایا گیا۔ کارروائی کے دوران موقع سے شواہد اکٹھے کرکے کلینک سیل کر دیا گیا، جبکہ کیس مزید قانونی کارروائی کے لیے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن (PHC) کو بھجوا دیا گیا۔
اس کے علاوہ متعلقہ ملازم کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش بھی چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ جہلم کو ارسال کر دی گئی۔
اس کارروائی کے ذریعے واضح پیغام دیا گیا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور محکمہ صحت کا کوئی ملازم بھی غیر قانونی طبی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر کسی قسم کی رعایت کا مستحق نہیں۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پنڈدادنخان ڈاکٹر انجم قدیر کی نگرانی میں ہونے والی اس کارروائی کو سماجی حلقوں نے سراہا ہے۔ ڈاکٹر رجب قدیر سمیت مختلف سماجی شخصیات نے عوام کی صحت کے تحفظ اور بلاامتیاز احتساب کے لیے کیے گئے اقدامات پر ڈاکٹر انجم قدیر کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ عطائیت کے خاتمے کے لیے ایسی کارروائیاں جاری رہنی چاہئیں۔
