پولیس عوام کے مسائل کو اولین ترجیح دیتی ہے، آر پی او بابر سرفراز الپا

سوہاوہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن اور آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات کی روشنی میں ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کے ہمراہ تھانہ سوہاوہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔

کھلی کچہری میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل براہ راست آر پی او راولپنڈی ریجن کے سامنے رکھے۔ آر پی او نے پبلک سروس ڈیلیوری کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے احکامات جاری کیے۔

اس موقع پر بابر سرفراز الپا نے کہا کہ پولیس عوام کے مسائل کو اولین ترجیح دیتی ہے اور کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں کے شہریوں کو ان کے مسائل کے حل کے لیے دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں، یہی ہمارا عزم ہے۔

کھلی کچہری میں آر پی او نے شرکاء کو بچوں اور بچیوں کے تحفظ اور ہراسگی کے متعلق بھی آگاہی فراہم کی۔ شہریوں نے پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کھلی کچہریاں عوام کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہیں جہاں وہ بلا خوف و جھجھک اپنے مسائل بیان کر سکتے ہیں۔

بعد ازاں آر پی او راولپنڈی اور ڈی پی او جہلم نے تھانہ سوہاوہ میں شہید کانسٹیبل صداقت علی کی فیملی سے ملاقات کی، انہیں تحائف پیش کیے، خیریت دریافت کی اور ان کے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے کہا کہ شہداء پولیس کی فیملیز ہماری اپنی فیملیز ہیں، ان کے لیے ہمارے دفاتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، وہ جب چاہیں بلاجھجھک ہمارے پاس آ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اپنے شہداء کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن مدد جاری رکھی جائے گی۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جن کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں، جان پر کھیل کر فرض نبھانے والے شہداء معاشرے کے حقیقی محسن ہیں اور ان کے خاندانوں کی ہر ممکن کفالت ہماری ذمہ داری ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button