سوہاوہ/ ڈومیلی: گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول پدھری نے جماعت دہم کے امتحانات میں 100 فیصد شاندار نتیجہ دے کر علاقے کا نام روشن کر دیا۔ سکول کی طالبات نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں پوزیشنیں حاصل کیں۔
نتائج کے مطابق طالبہ ماریہ تنویر نے 1009 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ ایمان نے 953 نمبر لے کر دوسری اور مقدس نے 938 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔
جماعت دہم کے سو فیصد شاندار نتیجے پر اہلِ علاقہ نے گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول پدھری کی ہیڈ مسٹریس اور جملہ تدریسی و انتظامی عملے کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور طالبات کی کامیابی کو اساتذہ کی محنت اور بہترین تعلیمی رہنمائی کا نتیجہ قرار دیا۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ سکول کی ہیڈ مسٹریس اور اساتذہ نے طالبات کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے میں قابلِ تحسین کردار ادا کیا ہے، بالخصوص ان بچیوں کے لیے سرکاری سکول ایک بہترین تعلیمی سہولت ثابت ہوا جو نجی سکولوں کی بھاری فیس اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات برداشت کرنے کی استطاعت نہیں رکھتیں، تاہم ان میں تعلیم حاصل کرنے کا جذبہ اور آگے بڑھنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
مقامی شہریوں نے طالبات کو مفت تعلیم و تربیت فراہم کرکے ان کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے پر ہیڈ مسٹریس اور گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول پدھری کے تمام سٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی خدمات کو علاقے کے لیے قابلِ فخر اور قابلِ تحسین قرار دیا۔
اہلِ علاقہ نے کامیاب طالبات اور ان کے والدین کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سکول کی یہ شاندار تعلیمی کارکردگی آئندہ بھی برقرار رہے گی۔
