سوہاوہ: ڈومیلی میں شوہر نے گھریلو ناچاقی پر بیوی کو گولیاں مار دیں

سوہاوہ کے علاقے ڈومیلی میں شوہر نے گھریلو ناچاقی پر بیوی کو گولیاں مار دی، بیوی کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے تھانہ ڈومیلی کے علاقے چنیوٹ پنڈوڑی میں گھریلو ناچاقی کے تنازع پر شوہر نے مبینہ طور پر اپنی بیوی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں خاتون شدید زخمی ہو گئی۔ زخمی خاتون کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ گھریلو جھگڑے کے نتیجے میں پیش آیا جہاں ملزم عمران نے طیش میں آ کر اپنی اہلیہ پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں خاتون کو تین گولیاں لگیں جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ زخمی خاتون کو فوری طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اسے علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ملزم عمران مبینہ طور پر نشے کا عادی ہے اور ماضی میں بھی اپنی بیوی پر تشدد کرتا رہتا تھا۔ واقعہ کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تاہم پولیس نے اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ ملزم کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔



