پنڈدادنخان میں غفلت اور لاپرواہی سے ٹریکٹر ٹرالی چلا کر دو شہریوں کی جان لینے والا ڈرائیور گرفتار

پنڈدادنخان میں غفلت اور لاپرواہی سے ٹریکٹر ٹرالی چلا کر 2 افراد کو جاں بحق کرنے والا ڈرائیور گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ جلالپور شریف اور ٹیم نے اہم کارروائی کرتے ہوئے غفلت اور لاپرواہی سے ٹریکٹر ٹرالی چلا کر دو شہریوں کی جان لینے والے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا جبکہ حادثے میں استعمال ہونے والی ٹریکٹر ٹرالی بھی قبضہ پولیس میں لے لی گئی۔

پولیس کے مطابق ملزم ڈرائیور نے غفلت اور تیز رفتاری سے ٹریکٹر ٹرالی چلاتے ہوئے دو موٹر سائیکل سوار شہریوں کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں دونوں افراد شدید زخمی ہو گئے۔

زخمی شہریوں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے تھے۔ تھانہ جلالپور شریف پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے ملزم ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والے غفلت کے مرتکب ڈرائیورز کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہر شہری کی ذمہ داری ہے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Exit mobile version