عید الفطر قریب آتے ہی پبلک ٹرانسپورٹ مالکان نے کرایوں میں کمی کرنے کی بجائے اضافہ کر دیا

جہلم: عید الفطر قریب آتے ہی پبلک ٹرانسپورٹ مالکان نے کرایوں میں کمی کرنے کی بجائے اضافہ کر دیا، آر ٹی اے سیکرٹری، موٹر وہیکل ایگزامینر اور ٹریفک پولیس خاموش تماشائی دیکھائی دیتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عیدالفطر میں ابھی چند روز باقی ہیں اور جیسے جیسے رمضان المبارک اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے، جہلم سے دوسرے شہروں میں لوگ اپنوں میں عید منانے کے لیے روانگی کا عمل شروع کررکھا ہے اس طرح شہر سے روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں کی تعداد میں شہری اپنے آبائی اضلاع کو جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ مالکان نے عیدالفطر کے قریب آتے ہی کرایوں میں از خود اضافہ کرکے اضافی کرائے وصول کرنے شروع کررکھے ہیں ۔ جس سے دیہاڑی دار اور متوسط طبقے کے ساتھ ساتھ سرکاری اداروں کے ملازمین آبائی علاقوں کو جانے والے شہری شدید پریشانی سے دوچار دکھائی دیتے ہیں۔

پردیسیوں کا کہنا ہے کہ ہر سال جب بھی کوئی مذہبی تہوار منانے کے لیے اپنے آبائی علاقوں میں جاتے ہیں تو کرایوں میں اسی طرح ہوشربا اضافہ کر دیا جاتا ہے، جیسے ہم یورپین ممالک سے آرہے ہوں۔پبلک ٹرانسپوٹرز کو چیک کرنے کے لئے حکومت پنجاب نے سرکاری ادارے قائم کررکھے ہیں جن کے ملازمین لاکھوں روپے ماہانہ تنخواہ وصول کرتے ہیں اور ان کا کام مسافروں کو ریلیف فراہم کرنا اور پنجاب روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مقررہ کردہ کرایوں پر عملدرآمد کروانا ہے۔

لیکن اس پر عملدرآمد کروانے والے افسران واہلکاروں نے پبلک ٹرانسپورٹ کے مالکان کے ساتھ معاملات طے کررکھے ہیں اور انہیں مسافروں کی کھال ادھیڑنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ۔جس کیوجہ سے چیئرمین ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ، آرٹی اے سیکرٹری ، موٹر وہیکل ایگزامینر، پنجاب روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مقررہ کردہ کرایوں پر عملدرآمد کروانے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتے ہیں ۔

دوسری جانب ٹرانسپورٹ مالکان کا کہنا ہے حکومت کی جانب سے حالیہ پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے مجبوراًکرایوں میں اضافہ کرنا پڑتا ہے، کیونکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں اضافے سے سپیر پارٹس ، ٹائر ، موبل آئل سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کردیا جاتا ہے۔

مسافروں نے وزیراعلیٰ پنجاب، صوبائی وزیرٹرانسپورٹ، چیف سیکرٹری پنجاب ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مسافر اپنے آبائی علاقوں میں اپنے بہن بھائیوں اور والدین کے ساتھ عید کی خوشیاں مناسکیں ۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button