تحریک انصاف سیاسی مافیا سے ملک کو پاک کرے گی، ملک واجد حسین

لوٹن: تحریک انصاف لوٹن کے رہنما ملک واجد حسین راجپوت نے پاکستان کے انتخابات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پاکستان اور آزاد کشمیر میں ایک کرپشن فری سوسائٹی کے قیام کے لیے کوشاں ہے حالیہ عام انتخابات اور صوبائی حکومتوں کے انتخابات میں بھی عوام کی بھاری اکثریت نے تحریک انصاف کو ووٹ دیے حالانکہ تحریک انصاف کے امیدواروں کو انتہائی جبر کا ماحول ملا تھا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کو ایک خصوصی بیان جاری کرتے ہوئے کیا۔ ملک واجد حسین نے کہا کہ ہر طرح کی پری پول دھاندلی کی گئی تھی مگر عوام نے ووٹ کی طاقت سے تحریک انصاف کے تبدیلی کے منشور پر مہر ثبت کر دی مگر اس کے بعد انتخابات کے نتائج روک کر رات کے اندھیرے میں نتائج تبدیل کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جنگ سیاسی منافقین سے ہےجو ملک میں سیاسی عدم استحکام پھیلا کر جعلی مینڈیٹ کےذریعے ملک اور عوام پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں تحریک انصاف ایسے سیاسی مافیا سے ملک کو پاک کرکے دم لے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈیم نمبر 2 ملک کے لیٹروں کا ایک ایسا ٹولہ ہے جو ایک بار پھر ملک کی غریب عوام کی جیبیوں پر ڈاکہ ڈالنے کی منصوبہ بندی کرنے میں مصروف ہے انہوں نے کہا کہ ملک کے سابق وزیر اعظم گو جیل میں ہیں مگر ان کے ہوتے ہوئے ایسا نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی کو ووٹ دے کر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر عوام کے حقوق کو پائمال نہیں ہونے دیں گے اور ان کے مینڈیٹ کا بھر پور دفاع کیا جائے گا۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں جو کرپشن کی بیساکھیوں کا سہارہ لے کر حکومت کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔


