چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث مبینہ یوسف گینگ کے دو ملزمان گرفتار

پنڈدادنخان: جہلم پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چوری کی متعدد وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث یوسف گینگ کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ جلالپور شریف اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے برآمد ہونے والی نقدی چوری شدہ سامان فروخت کرکے حاصل کی گئی تھی، جبکہ ان کے قبضے سے 30 بور پسٹل بھی برآمد ہوا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کرکے انہیں چالان عدالت کیا جائے گا تاکہ انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔



