دین اسلام کے اصولوں پر عمل ہی کامیابی کا راستہ ہے، امیر عبدالقدیر اعوان

مانچسٹر: امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ نے کہا ہے کہ پیچھے چلنے والا کبھی برابر نہیں ہو سکتا، اور جو قومیں دین اسلام کے اصولوں کو اپنا کر ان پر عمل کرتی ہیں وہی دنیا میں ترقی کرتی ہیں۔
وہ برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں دارالعرفان میں منعقدہ سراجا منیرا کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمیں دین اسلام وراثت میں ملا، مگر ہم نے اس کے بنیادی اصولوں کو چھوڑ دیا، جس کے باعث ہم دین اور دنیا دونوں میں پیچھے رہ گئے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ہمارے اندر وہ اقدار، محبت اور شفقت نظر نہیں آ رہی جو ہمیں اپنے بڑوں سے وراثت میں ملی تھیں۔
امیر عبدالقدیر اعوان نے موت کی حقیقت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ایک نہایت کٹھن مرحلہ ہے۔ حدیث شریف کے مفہوم کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ روح کا جسم سے نکلنا انتہائی تکلیف دہ عمل ہے، تاہم بعض لوگوں کے چہروں پر وفات کے وقت سکون اور مسکراہٹ بھی دیکھی جاتی ہے، جو ان کے اعمال کا نتیجہ ہوتی ہے۔
انہوں نے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات کے مطابق زندگی گزارنے والے افراد کو اللہ تعالیٰ خاص انعامات سے نوازتا ہے اور ان کے لیے آخرت کے مراحل آسان ہو جاتے ہیں۔
آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی، استحکام اور امتِ مسلمہ کی بہتری کے لیے خصوصی اجتماعی دعا بھی کروائی۔



