فور پوٹھی تا لس سڑک 20 سال بعد بھی تعمیر نہ ہو سکی، کھنڈرات میں تبدیل، اہلِ علاقہ شدید اذیت میں مبتلا

سوہاوہ: ڈومیلی کے نواحی علاقے فور پوٹھی تا لس لنک روڈ گزشتہ 20 سال سے زائد عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر کھنڈرات میں تبدیل ہو چکی ہے، جس کے باعث علاقہ مکینوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے اور انہیں روزانہ آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ڈومیلی کے علاقے فور پوٹھی تا لس سڑک کئی دیہات کو ڈومیلی کے مرکزی بازار سے ملاتی ہے۔ یہ سڑک تقریباً 20 سال قبل تعمیر کی گئی تھی، تاہم اس کے بعد آج تک اس کی دوبارہ تعمیر یا مرمت کے لیے کوئی خاطر خواہ کام نہیں کیا جا سکا۔ سڑک جگہ جگہ سے اکھڑ چکی ہے، گہرے گڑھے پڑ چکے ہیں اور بیشتر مقامات پر سڑک کا نام و نشان تک مٹ چکا ہے۔

اہلِ علاقہ کے مطابق سڑک پر بننے والے گہرے گڑھوں کے باعث آئے روز موٹر سائیکل سوار اور دیگر گاڑیاں حادثات کا شکار ہو رہی ہیں، جبکہ چند منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنا پڑتا ہے۔ بارش کے دنوں میں صورتِ حال مزید سنگین ہو جاتی ہے، جب کیچڑ اور پھسلن کے باعث سڑک پر پیدل چلنا بھی محال ہو جاتا ہے اور آمدورفت مکمل طور پر معطل ہو کر رہ جاتی ہے۔

سڑک کی خستہ حالی کے باعث مریضوں کو ہسپتال منتقل کرنے میں بھی شدید مشکلات پیش آتی ہیں اور کئی مرتبہ مریض راستے میں ہی تکلیف سے دوچار ہو جاتے ہیں۔ اسی طرح سکول اور کالج جانے والے طلبہ و طالبات اور روزانہ ڈیوٹی پر جانے والے ملازمین بھی وقت پر اپنی منزل پر نہیں پہنچ پاتے۔

اہلِ علاقہ فور پوٹھی، لس اور ملحقہ دیہات کے عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، ڈپٹی کمشنر جہلم اور ایم این اے چوہدری فرخ الطاف سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ خدارا اس پسماندہ علاقے پر بھی توجہ دی جائے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ علاقہ بھی ضلع جہلم کا حصہ ہے، یہاں کے عوام بھی ٹیکس ادا کرتے ہیں اور ووٹ دیتے ہیں۔ ہمارا بھی حق ہے کہ ہمیں بنیادی سہولت کے طور پر اچھی اور پختہ سڑک فراہم کی جائے۔

عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ فور پوٹھی تا لس سڑک کی فوری تعمیر و پختگی کے لیے فنڈز مختص کیے جائیں اور ترجیحی بنیادوں پر تعمیراتی کام شروع کروایا جائے تاکہ اہلِ علاقہ کی دو دہائیوں سے جاری مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔

↑
Exit mobile version