ستھرا پنجاب مہم؛ دینہ میں صفائی کے انتظامات قابلِ تحسین کارکردگی کا مظہر بن گئے

دینہ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر جاری “ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان کی قیادت میں تحصیل دینہ میں صفائی کے انتظامات نمایاں بہتری کی مثال بن گئے ہیں۔

دینہ شہر اور مضافاتی علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر منظم انداز میں صفائی کا عمل جاری ہے، جبکہ اس مہم کی نگرانی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) کی ٹیم کر رہی ہے۔ تحصیل منیجر ولید خان اور میاں شاہزیب انتظامی امور کی قیادت کر رہے ہیں، جبکہ اسسٹنٹ منیجرز ملک رافع اور ملک اویس فیلڈ میں عملی نگرانی یقینی بنا رہے ہیں۔

تحصیل بھر میں کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی، گلیوں اور بازاروں کی صفائی، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور مجموعی صفائی کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹیمیں متحرک ہیں۔ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی یونین کونسلز میں بھی صفائی کے اقدامات کو مؤثر بنایا گیا ہے۔

شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر دینہ اور آر ڈبلیو ایم سی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بہتر صفائی انتظامات سے ماحول خوشگوار ہوا ہے اور صحت کے حوالے سے بھی مثبت تبدیلی آئی ہے۔

عوامی حلقوں کے مطابق “ستھرا پنجاب” پروگرام کے تسلسل سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ عوامی مسائل میں بھی واضح کمی آ رہی ہے۔ انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور یہ مہم مستقل بنیادوں پر جاری رکھی جائے گی۔

Exit mobile version