منگلا/جہلم: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا شکار نہتے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی یوم یکجہتی کشمیر جوش و خروش سے منایا گیا۔
اس موقع پر ضلع بھر میں عام تعطیل رہی جبکہ مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے زیر اہتمام خصوصی سیمینارز، کانفرنسز اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام مکاتب فکر کی شخصیات بڑ ی تعداد میں شرکت کی۔
کشمیر کو پنجاب سے ملانے والے راستے منگلا پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔ جہلم اور میرپور آزادکشمیر کے سنگم منگلا پل پر سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
ضلعی سطح پر منعقدہ یکجہتی ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس اور ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے کی، جو ڈی سی آفس سے شروع ہو کر وائے کراس پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں ضلعی افسران، پولیس، ریسکیو، سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں کے طلبہ، تاجر برادری اور میڈیا نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔
شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر ”کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے” اور ”کشمیریوں کو حق خودارادیت دو” جیسے نعرے درج تھے۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے اور کشمیر کی آزادی تک ہماری حمایت اور یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ کشمیری عوام نے اپنی آزادی کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور وہ دن دور نہیں جب ظلم کی سیاہ رات ختم ہوگی اور آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کی حفاظت اور آزادی کے لیے ہم ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ کشمیری عوام کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔ پاکستان ہر فورم پر کشمیر کی حمایت جاری رکھے گا اور یہ یکجہتی ہمارا قومی فریضہ ہے۔
