شہریوں کو صحت کارڈ کی سہولت بلا تعطل فراہم کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم کا اچانک دورہ کیا اور صحت کارڈ کاؤنٹرز پر شہریوں کی رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لیا۔
شہریوں کی جانب سے صحت کارڈ کے اندراج میں درپیش مشکلات اور تاخیر کی شکایات موصول ہونے پر ڈپٹی کمشنر فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچے، جہاں انہوں نے صحت کارڈ کے تحت فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا اور شہریوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے۔
ڈپٹی کمشنر نے صحت کارڈ کاؤنٹر پر دی جانے والی سہولیات اور شہریوں کے اندراج کے ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال عملے کو ہدایت کی کہ صحت کارڈ کاؤنٹر کو مزید فعال بنایا جائے اور شہریوں کو بلاوجہ انتظار میں رکھنے کے بجائے ان کا اندراج جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ انہیں بروقت علاج کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور عوام کو صحت کارڈ کے تحت معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر کے اس اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ صحت کے شعبے میں مزید بہتری آئے گی۔



