پیرا فورس جہلم کی شاندار کارروائیاں، 18 لاکھ روپے جرمانہ قومی خزانے میں جمع

17
جہلم: پیرا فورس جہلم کے انویسٹیگیشن آفیسر عثمان علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں، جس کے نتیجے میں 18 لاکھ روپے کے جرمانے وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرا دیے گئے۔
جہلم میں پیرا فورس کے انویسٹیگیشن آفیسر محمد عثمان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مین بازار میں گرینڈ آپریشن کیا۔ اس دوران بازار کا تفصیلی دورہ کیا گیا اور دکانداروں و ریڑھی بانوں کو سختی سے ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ فوری طور پر تجاوزات کا خاتمہ کریں، بصورت دیگر قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محمد عثمان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل مین بازار میں ایک گاڑی کا گزرنا بھی انتہائی مشکل ہو چکا تھا، تاہم تجاوزات کے خلاف بھاری جرمانے عائد کرنے اور مسلسل کارروائیوں کے باعث اب بازار میں دو گاڑیوں کا باآسانی گزر ممکن ہو گیا ہے، جس سے شہریوں کو واضح سہولت میسر آئی ہے۔
اسی سلسلے میں پیرا فورس نے روہتاس روڈ مین بازار اور شاندار چوک میں بھی اپنے سٹاف کے ہمراہ گرینڈ آپریشن کیا۔ موقع پر موجود شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے گئے اور ان کے حل کے لیے مکمل یقین دہانی کرائی گئی۔
انویسٹیگیشن آفیسر عثمان علی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں پیرا فورس کا ساتھ دیں، تجاوزات کے خاتمے میں تعاون کریں اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کاروبار کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر ہو اور شہریوں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔



