موسم برسات میں زیادہ سے زیادہ شجرکاری کر کے ہم موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کر سکتے ہیں، میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا ہے کہ موسم برسات میں زیادہ سے زیادہ شجرکاری کر کے ہم موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کر سکتے ہیں۔ ضلع جہلم کے تمام محکمے اپنے اداروں اور سرکاری اراضی پر شجرکاری کر کے ماحول کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے محکمہ جنگلات کی جانب سے شروع کی گئی شجرکاری مہم کے افتتاح کے موقع پر کہی، جہاں انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ہمراہ پودا لگا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر، اسسٹنٹ کمشنر شمس الرحمن، سماجی شخصیات فرحت کمال ایڈووکیٹ، مرزا توصیف بیگ، محکمہ جنگلات کے افسران و عملہ، مختلف اسکولوں کے اساتذہ اور طلباء بھی موجود تھے جنہوں نے اپنے ہاتھوں سے پودے لگائے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ محکمہ جنگلات ضلع بھر میں بھرپور شجرکاری ممکن بنانے کے لیے تمام اقدامات کرے اور شہریوں کو بھی شجرکاری کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے شعور بیدار کرے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صرف حکومت ہی نہیں بلکہ ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ ماحولیاتی تحفظ میں اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے محکمہ جنگلات کو ہدایت کی کہ آگاہی مہم کے ذریعے عوام کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ترغیب دی جائے تاکہ مستقبل کی نسلوں کو ایک سرسبز اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔



