جہلم: دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے رینجرز اہلکار علی رضا کی نماز جنازہ جہلم میں ادا کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق راولاکوٹ میں دوران ڈیوٹی فائرنگ کے واقعے میں شہید ہونے والے پاکستان رینجرز کے جوان سپاہی علی رضا کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں جگتہ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں سیاسی، سماجی شخصیات، معززینِ علاقہ، اہل خانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نمازِ جنازہ کے بعد پاکستان رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، جبکہ شہید کے جسدِ خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ بعد ازاں انہیں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سپاہی علی رضا کا تعلق 28 ونگ ڈی آر/پی آر سے تھا۔ وہ 27 جولائی کو راولاکوٹ میں دورانِ ڈیوٹی فائرنگ کے ایک واقعے میں شہید ہوئے تھے۔
شرکاء نے شہید کی وطن کے لیے خدمات اور قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی سلامتی اور امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قوم کا سرمایہ ہیں، جن کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
نمازِ جنازہ کے اختتام پر شہید علی رضا کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل اور ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
