جہلم چیمبر آف کامرس کی نومنتخب قیادت کی تقریب حلف برداری، چوہدری فرخ الطاف نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا

جہلم: جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نومنتخب قیادت کی تقریبِ حلف برداری ایک پروقار اور یادگار تقریب کی صورت اختیار کر گئی، جس میں ممبر قومی اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما چوہدری فرخ الطاف نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔

یعقوب فارم ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں شرکاء کی غیر معمولی تعداد کے باعث پنڈال کھچا کھچ بھر گیا، جبکہ پورا ماحول خوشی، جوش و خروش اور جشن کے رنگوں سے سجا دکھائی دیا۔ تقریب کے دوران نمایاں خدمات اور کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کو شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب عہدیداران نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ تقریب کی ایک منفرد اور قابلِ دید جھلک اس وقت سامنے آئی جب مہمانِ خصوصی چوہدری فرخ الطاف کو روایتی پگڑی پہنا کر عزت و احترام کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا، جبکہ نومنتخب عہدیداران نے بھی روایتی کلے پہن رکھے تھے، جس سے تقریب میں علاقائی ثقافت اور روایات کے خوبصورت رنگ نمایاں ہوئے۔

تقریب میں شہر کی سماجی، رفاہی، فلاحی، شہری، تجارتی اور صحافتی تنظیموں کے نمائندوں سمیت تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی سرکردہ شخصیات اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کرنے کی سعادت معروف صحافی سلیمان قادری نے حاصل کی۔

نومنتخب ایگزیکٹو ممبر چوہدری شبیر گجر نے اپنے استقبالیہ کلمات میں تقریب میں شریک تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بھرپور شرکت نومنتخب قیادت کے لیے حوصلہ افزائی اور اعتماد کا باعث ہے۔

معروف سینئر صحافی اور ممبر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی چوہدری سہیل عزیز نے اپنے خطاب میں جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالی اور سابق قائدین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ادارے کے قیام اور ارتقا میں سابق عہدیداران کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ چیمبر محض تاجروں کی نمائندہ تنظیم نہیں بلکہ ضلع کی معاشی ترقی، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور نئی نسل کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔

سابق صدر جہلم چیمبر آف کامرس حاجی زاہد حسین بٹ نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قیادتیں بدلتی رہتی ہیں، لیکن اداروں کی ترقی کا سفر باہمی اعتماد، اتحاد اور اجتماعی جدوجہد سے ہی آگے بڑھتا ہے۔ انہوں نے نومنتخب صدر اظہر اقبال ڈار اور ان کی پوری ٹیم کو دعوت دی کہ ماضی کی تلخیوں کو پسِ پشت ڈال کر مشترکہ لائحہ عمل کے تحت تاجروں کی فلاح و بہبود کے منصوبے ترتیب دیے جائیں اور ان پر عملی پیش رفت یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ جہلم کے تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے ساتھ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور آن لائن کاروبار کے مواقع سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ روایتی روزگار کے انتظار میں وقت ضائع کرنے کے بجائے جدید ذرائع استعمال کرتے ہوئے اپنے گھروں سے باعزت روزگار کمانے کے مواقع تلاش کریں۔ ان کے مطابق چیمبر کی حقیقی کامیابی اسی وقت ممکن ہے جب اس کی سرگرمیوں کے ثمرات عام تاجر اور نوجوان طبقے تک پہنچیں۔

تقریب کے اختتام پر نومنتخب صدر جہلم پریس کلب ڈاکٹر سہیل امتیاز خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ انتخابی عمل جمہوری روایات کا حصہ ہے، تاہم انتخابات کے اختتام کے ساتھ ہی اختلافات ختم کرکے اتحاد و اتفاق کی نئی بنیاد رکھنی چاہیے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ تمام طبقات ذاتی وابستگیوں اور گروہی اختلافات سے بالاتر ہو کر ضلع جہلم کی ترقی، خوشحالی اور اجتماعی مفاد کے لیے ایک دوسرے کا دست و بازو بنیں۔

انہوں نے کہا کہ مضبوط ادارے ہی مضبوط معاشرے کی بنیاد ہوتے ہیں، اس لیے تمام نمائندہ تنظیموں کو باہمی تعاون اور مشترکہ حکمتِ عملی کے ذریعے جہلم کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔

↑
Exit mobile version