جہلم کے سرکاری ہسپتالوں سے میتیں گھروں اور دیہات تک مفت پہنچائی جائیں گی، بلال اظہر کیانی

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات اور سیکرٹری و بانی ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کی کاوشوں سے ضلع جہلم کے سرکاری ہسپتالوں سے مفت میت منتقلی سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ وزیر مملکت برائے خزانہ و پاکستان ریلوے بلال اظہر کیانی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز (ڈی ایچ کیو) ہسپتال جہلم میں سروس کا افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 جہلم انجینئر سعید احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر میاں مظہر، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر زاہد، سعید احمد الصدیق ویلفیئر سوسائٹی کے صدر، انجمن تاجران جہلم کے ملک محمد اقبال اعوان، ہسپتال انتظامیہ، میڈیا نمائندگان اور دیگر سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ میت منتقلی سروس وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انسان دوست وژن کا عملی مظہر ہے۔ اس سہولت کا بنیادی مقصد غم کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کی مشکلات کم کرنا اور انہیں مالی و ذہنی پریشانی سے بچانا ہے۔ سروس کے تحت سرکاری ہسپتال میں انتقال کر جانے والے شہریوں کی میتیں لواحقین کے گھروں اور دیہات تک بلا معاوضہ پہنچائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اس سہولت کے ذریعے سوگوار خاندانوں کو نجی ایمبولینسز تلاش کرنے اور کرایے کے معاملے پر بحث و تکرار کی پریشانی سے نجات ملے گی۔ ابتدائی طور پر ضلع جہلم کے لیے دو مکمل فعال اور ضروری آلات سے لیس ایمبولینسز مختص کی گئی ہیں، جن کی ضروری اپ گریڈیشن اور عملے کی تعیناتی کا عمل بھی مکمل ہو چکا ہے۔

بلال اظہر کیانی نے واضح کیا کہ میت منتقلی سروس کے لیے الگ گاڑیاں اور عملہ مختص کیا گیا ہے، یہ ایمبولینسز اضافی ہیں اور اس سروس کے آغاز سے ریسکیو 1122 کی معمول کی ہنگامی خدمات متاثر نہیں ہوں گی۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم انجینئر سعید احمد نے کہا کہ ریسکیو 1122 دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے پُرعزم ہے۔ میت منتقلی سروس کے ذریعے غم زدہ خاندانوں کو باعزت، بروقت اور مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔

تقریب کے اختتام پر وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے میت منتقلی کے لیے مختص ایمبولینس کا معائنہ کیا اور سروس کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

↑
Exit mobile version