پولیس بھرتی؛ جہلم میں دوڑ ٹیسٹ مکمل، جسمانی پیمائش کے ٹیسٹ کا دوسرا مرحلہ جاری

ضلع جہلم میں پولیس بھرتی کے سلسلے میں جسمانی ٹیسٹ اور دوڑ کے مراحل مکمل نظم و ضبط، شفافیت اور میرٹ کے مطابق جاری ہیں۔

پولیس لائنز جہلم اور دینہ بائی پاس روڈ پر امیدواروں کے فزیکل ٹیسٹ اور دوڑ کے مراحل کا انعقاد کیا گیا، جن کی نگرانی چیئرمین ریکروٹمنٹ بورڈ ڈی آئی جی آر ایم یو اسد سرفراز خان، ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو، اور ایس پی انویسٹی گیشن سیالکوٹ عثمان منیر سیفی نے خود کی۔

پولیس لائنز جہلم میں کانسٹیبلز اور لیڈی کانسٹیبلز کی جسمانی پیمائش اور دیگر ٹیسٹ جاری ہیں۔ یہ ٹیسٹ ان امیدواروں کے لیے منعقد کیے جا رہے ہیں جنہوں نے دوڑ کا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ ریکروٹمنٹ بورڈ کے سینئر افسران کی براہ راست نگرانی میں یہ مرحلہ مکمل شفاف انداز میں انجام دیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل دینہ بائی پاس روڈ پر پولیس بھرتی کے سلسلے میں دوڑ کے ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مجموعی طور پر 552 امیدواروں (445 مرد اور 107 خواتین) نے حصہ لیا۔ دوڑ کا آغاز صبح ساڑھے 5 بجے ہوا اور تقریباً پونے 8 بجے تک یہ مرحلہ جاری رہا۔ امیدواروں کی سکیورٹی، نظم و ضبط، اور سہولیات کے لیے مثالی انتظامات کیے گئے تھے۔

تمام مراحل کی نگرانی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کی گئی۔ ڈرون کیمروں، ڈی ایس ایل آر کیمروں، سی سی ٹی وی کیمروں اور سرویلنس وینز کے ذریعے ہر سرگرمی کو ریکارڈ کیا گیا تاکہ شفافیت اور میرٹ پر کوئی شک نہ رہے۔

امیدواروں کے لیے پانی، میڈیکل سہولیات، اور فول پروف سکیورٹی کا خصوصی بندوبست کیا گیا تھا۔ اعلیٰ افسران نے تمام انتظامات کا جائزہ لیا اور شفافیت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

ڈی آئی جی آر ایم یو اسد سرفراز خان نے اس موقع پر کہا کہ "پولیس بھرتی کا ہر مرحلہ 100 فیصد میرٹ، شفافیت اور حکومت کی جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق مکمل کیا جا رہا ہے۔ ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے نوجوانوں اور خواتین کو فورس کا حصہ بنایا جا رہا ہے تاکہ ایک مضبوط اور قابل پولیس فورس تشکیل دی جا سکے۔”

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button