دینہ میں نامعلوم چور لاکھوں روپے مالیت کی کار لے اڑے

دینہ کے نواحی علاقہ ڈھوک کھوکھر میں چوری کی بڑی واردات پیش آئی، جہاں نامعلوم چور رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گیراج کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کی کار لے اڑے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس سٹی چوکی دینہ موقع پر پہنچ گئی اور چوروں کی تلاش شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کے علاقہ ڈھوک کھوکھر میں معروف سیاسی شخصیت راجہ اظہر حسین کے بھائی راجہ محمد الیاس ولد حاجی محمد الیاس کی کار XLI نمبری 820 ان کے گھر کے گیراج میں کھڑی تھی، گزشتہ رات نامعلوم چور گیراج کے تالے توڑ کر اندر داخل ہوئے اور گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ کا شیشہ توڑ کر اسے لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
صبح جب مالک حاجی محمد الیاس حسب معمول گیراج پہنچے تو انہوں نے دیکھا کہ تالے ٹوٹے ہوئے تھے اور ان کی قیمتی گاڑی غائب تھی۔ فوری طور پر انہوں نے پولیس کو اطلاع دی، جس پر پولیس سٹی چوکی دینہ کے اہلکار موقع پر پہنچے اور رپورٹ درج کر کے چوروں کی تلاش شروع کر دی۔
علاقہ مکینوں نے اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چوروں کی جلد گرفتاری اور جرائم کی روک تھام کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کا مطالبہ کیا ہے۔



