پنڈدادنخان کے نواحی علاقے میں 24 سالہ نوجوان دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گیا، ریسکیو 1122 نے لاش برآمد کر لی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقے منڈاھڑ گاؤں، احمد آباد کے قریب دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے 24 سالہ نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی کنٹرول روم سے دو ایمبولینسز، ایک ریسکیو بوٹ اور 8 ریسکیو اہلکاروں پر مشتمل ٹیم کو فوری طور پر جائے حادثہ روانہ کیا گیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچتے ہی سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا اور کافی دیر تک دریا میں تلاش جاری رکھی، تاہم اندھیرا ہونے کے باعث نوجوان کی لاش نہ مل سکی اور آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا۔
اگلے روز صبح سویرے ریسکیو ٹیم نے دوبارہ سکوبا سرچ اور لائن سرچ آپریشن شروع کیا۔ مسلسل کوششوں کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے نوجوان کی لاش ڈوبنے کے مقام سے تقریباً 400 میٹر دور سے برآمد کر لی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ جائے حادثہ پر پانی کی گہرائی تقریباً 15 فٹ، چینل کی چوڑائی 100 میٹر جبکہ پانی کے بہاؤ کی رفتار 0.5 میٹر فی سیکنڈ ریکارڈ کی گئی۔
جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت عبدالشکور ولد عبدالصمد سکنہ اپر چترال، گلگت بلتستان کے نام سے ہوئی ہے۔
