ڈی پی او جہلم کا تھانہ سوہاوہ پر اچانک چھاپہ، سنتری معطل، ایس ایچ او اور محرر کو شوکاز نوٹس، وضاحت طلب

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے تھانہ سوہاوہ کا اچانک دورہ کیا، جہاں ڈیوٹی سے غیر حاضری، فرائض کی انجام دہی میں غفلت اور ناقص نگرانی کے معاملات پر نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈی پی او جہلم نے تھانے کے دورے کے دوران ڈیوٹی پر موجود نہ ہونے اور ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کوتاہی کے معاملات کا جائزہ لیا۔ سنتری کے الرٹ نہ ہونے پر اسے معطل کرکے پولیس لائن تبدیل کر دیا گیا، جبکہ محرر تھانہ سوہاوہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔ اسی طرح ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ کو ناقص سپروژن پر شوکاز نوٹس دیا گیا، جبکہ ایس ڈی پی او سوہاوہ سرکل کو ایکسپلینیشن لیٹر جاری کیا گیا۔
دورے کے دوران ڈی پی او جہلم نے تھانے کی عمارت، بیرکس، فرنٹ ڈیسک، کچن، حوالات، ریکارڈ روم، وی ایس او روم، ایس ایچ او روم، محرر دفتر اور کوت کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے تھانے کے سیکیورٹی انتظامات، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا۔
ڈی پی او شفیق احمد چوہدری نے واضح کیا کہ پولیس ڈیوٹی میں غفلت، فرائض سے لاپروائی اور ناقص نگرانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام افسران اور اہلکار اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ مہارت، دیانت داری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمانہ نظم و ضبط پر عمل درآمد اور عوام کو بہترین پولیس سروسز کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ پولیس افسران اور اہلکاروں کو اپنی ڈیوٹی پوری ذمہ داری اور مستعدی سے انجام دینا ہوگی تاکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور مؤثر پولیسنگ کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔



