اسلام آباد/ جہلم: وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی سے فلپ مورس انٹرنیشنل (PMI) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت پریزیڈنٹ CIS اینڈ سینٹرل ایشیا مارکو ماریوٹی نے کی۔
ملاقات کے دوران پاکستان کی بدلتی ہوئی معاشی صورتحال، سرمایہ کاری کے مواقع اور قومی صنعتی شعبے میں کمپنی کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد نے پاکستان میں کمپنی کے وسیع معاشی کردار، برآمدات اور قومی ٹیکس محصولات میں اپنے نمایاں تعاون سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد نے کاروباری ماحول، صنعتی ترقی اور مستقبل کے تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔
اس موقع پر وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت کاروبار دوست ماحول کے فروغ، براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور تمام صنعتی شراکت داروں کے لیے یکساں مواقع کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ مضبوط تجارتی ضوابط کے نفاذ اور پائیدار مالیاتی پالیسیوں کے ذریعے معیشت کے استحکام پر مرکوز ہے تاکہ صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
ملاقات میں دونوں جانب سے باہمی روابط اور تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔
