جہلم پولیس کے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز، 429 افراد اور 173 گھروں کی چیکنگ، اشتہاری مجرم سمیت 3 ملزمان گرفتار

جہلم: ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس کے مطابق ضلع بھر میں 15 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کے دوران 429 افراد، 173 گھروں اور 23 ہوٹلز و بس اسٹینڈز کو چیک کیا گیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران تھانہ للِہ کے علاقے سے دو مبینہ شراب سپلائرز کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 30 لیٹر شراب برآمد کی گئی، جبکہ تھانہ پنڈ دادنخان کے علاقے سے ایک اشتہاری مجرم کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق سرچ آپریشنز کا مقصد جرائم پیشہ اور مشکوک عناصر کی نگرانی، مطلوب افراد کی گرفتاری اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں مشکوک افراد اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم فرد یا جرائم پیشہ سرگرمی میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔ انہوں نے کہا کہ بروقت اطلاع کسی بڑے جرم کی روک تھام میں مددگار ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی شہری کے علم میں کوئی ایسا شخص آئے جو بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہو، مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہو یا قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی جائے۔

ڈی پی او جہلم نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

Exit mobile version