جہلم: ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب اور ڈپٹی کمشنر جہلم سید میثم عباس کی خصوصی ہدایات پر ضلع جہلم میں غیر قانونی ایل پی جی کاروبار کرنے والوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا۔
اس مہم کی قیادت سول ڈیفنس آفیسر چوہدری اشفاق احمد گجر نے کی۔ چوہدری اشفاق احمد گجر نے تحصیل پنڈ دادنخان اور جہلم کا ہنگامی دورہ کیا، جہاں گاڑیوں اور دیگر مقامات پر جاری غیر قانونی ایل پی جی کے کاروبار پر چھاپے مارے گئے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری طور پر قانونی کارروائی کی گئی اور متعلقہ پولیس اسٹیشنز میں مقدمات درج کروا دیے گئے۔
اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر چوہدری اشفاق احمد گجر نے واضح الفاظ میں کہا کہ غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور انہیں سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
سول ڈیفنس حکام نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ محفوظ زندگی کے لیے غیر قانونی ایل پی جی کاروبار کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
