جہلم میں امن و امان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، ڈی پی او شفیق احمد چوہدری

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ ضلع میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جہلم پولیس تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے جبکہ اس مقصد کے لیے علما کرام اور ضلعی امن کمیٹی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
یہ بات انہوں نے ڈی پی او آفس جہلم میں ضلعی امن کمیٹی کے ممبران کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں شہر کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ، باہمی بھائی چارے اور 21 رمضان المبارک کے جلوس کے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ 21 رمضان المبارک کے جلوس کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بروقت نمٹا جا سکے۔
اجلاس میں امن کمیٹی کے ممبران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ شہر میں امن و امان کے قیام، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور 21 رمضان المبارک کے جلوس کو پرامن بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے اور جہلم پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
بعد ازاں ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی زیر صدارت انجمن تاجران کے عہدیداران کے ساتھ بھی ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر کی مجموعی سیکیورٹی، ٹریفک کے مسائل اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم نے کہا کہ تاجر برادری معیشت کا اہم ستون ہے اور ان کے مسائل کے حل کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہترین اور پرامن ماحول کی فراہمی کے لیے پولیس اور دیگر ادارے مشترکہ طور پر اقدامات کر رہے ہیں تاکہ جہلم شہر کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے۔



