منشیات فروشی کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر مجرم وقار حفیظ کو 7 سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا

سوہاوہ: منشیات فروشی کے خلاف کارروائیوں کے سلسلے میں عدالت نے تھانہ سٹی میں درج منشیات کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا۔ جرم ثابت ہونے پر مجرم وقار حفیظ کو 7 سال قید اور 6 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عدالت نے تھانہ سٹی میں درج منشیات فروشی کے مقدمہ نمبر 694/25، زیرِ دفعہ 9(2)6، کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹینسز ایکٹ (CNSA) کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم وقار حفیظ کو سزا کا حکم دیا۔ پولیس کے مطابق مجرم نے سال 2025 میں منشیات کے جرم کا ارتکاب کیا تھا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق پولیس نے جدید تفتیشی اور تکنیکی ذرائع کی مدد سے ملزم کو ٹریس کرکے گرفتار کیا۔ بعد ازاں مقدمے کی تفتیش مکمل کرتے ہوئے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر چالان عدالت میں پیش کیا گیا۔
جہلم پولیس کی جانب سے مقدمے کی موثر پیروی اور تفتیش کے نتیجے میں معزز عدالت نے وقار حفیظ کو 7 سال قید اور 6 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں اور ان کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔



