حافظ نذیر کی دینی تعلیمات سے بھائی چارہ، محبت رواداری اور اخوت کا درس ملتا ہے، مولانا نعیم الدین

پنڈدادنخان: استاذ الحفاظ مولانا حافظ محمد شفیعؒ اور علامہ مولانا حافظ نذیر احمد سعیدی کے سالانہ عرس مبارک کی تقریبات جامع مسجد خواجگان محلہ کوٹ کلاں میں منعقد ہوئیں۔

تقریبات میں ملک کے طول و عرض سے شاگردوں اور عقیدت مندوں کے علاوہ علمائے کرام نے شرکت کی۔ عرس مبارک کی صدارت علامہ مولانا صاحبزادہ عبدالرحمٰن ضیاء نے کی۔

عرس مبارک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد نعیم الدین الازہری نے کہا کہ اولیا کرام کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، اولیا نے اپنی زندگیاں اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے گزاری ہوتی ہیں، اولیا کرام اللہ کے دوست ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حافظ نذیر احمد سعیدی رحمتہ اللہ علیہ نے ساری زندگی دین کی خدمت کی، یہی وجہ ہے کہ آج ان کا فیض دنیا بھر میں تقسیم ہو رہا ہے۔ آپ کے شاگرد پاکستان سمیت دنیا بھر میں قرآن مجید فرقان حمید کی تعلیم دے رہے ہیں۔ آپ ؒ نے ہمیشہ بھائی چارے محبت رواداری اور اخوت کا درس دیا۔

معروف عالم دین علامہ محمد اویس مرتضیٰ نوری نے اپنے خطاب کے دوران حافظ نذیر احمد سعیدی کی دینی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے ساری زندگی سادگی سے گزار کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت پر عمل کرتے ہوئے گزاری۔ اولیا کرام اور علمائے کرام نے پاکستان بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مدرسہ فاروقیہ رضویہ شفعیہ کے طلباء آج آپ کی تعلیمات دنیا بھر میں پہنچا کر اپنے استاد محترم اور مدرسے کا نام روشن کر رہے ہیں۔

عرس مبارک کی تقریبات کے انتظامات مرکزی بزم فیضان رجسٹرڈ اور راہ عمل کئے، عرس مبارک کی تقریبات میں ملک کے طول و عرض سے علماء کرام شاگردوں اور عقیدت مندوں نے شرکت کی۔

Exit mobile version