جہلم میں جی ٹی روڈ پر حفاظتی جنگلے اکھاڑنے کا انکشاف، شہری و ٹرانسپورٹرز سراپا احتجاج

جہلم میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے عملے کی جانب سے سڑک کنارے نصب لوہے کے قیمتی حفاظتی جنگلے اکھاڑ کر لے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس پر ٹرانسپورٹرز اور شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔
شہریوں کے مطابق جنگلے ہٹانے کے بعد ان کی باقیات سڑک پر خطرناک انداز میں چھوڑ دی گئی ہیں، جس کے باعث گاڑیوں کے ٹائر پھٹنے کے واقعات معمول بن چکے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال نے جی ٹی روڈ پر سفر کو انتہائی خطرناک بنا دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں نے بتایا کہ جہلم، دینہ اور سرائے عالمگیر کے مختلف مقامات پر یہ مسئلہ شدت اختیار کر چکا ہے، تاہم متعلقہ ادارے اس پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ اس غفلت کے باعث انہیں روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں روپے کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے جبکہ کسی بڑے حادثے اور قیمتی جانوں کے ضیاع کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔
اہلِ علاقہ نے چیئرمین این ایچ اے سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور جی ٹی روڈ کی مرمت کے ساتھ ساتھ اکھاڑے گئے حفاظتی جنگلے دوبارہ نصب کیے جائیں تاکہ حادثات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے اور شہریوں کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔



