پنڈدادنخان: اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان عائشہ شفقت نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان کا تفصیلی دورہ کیا، جس کا مقصد ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی کی صورتحال اور مجموعی سروس ڈیلیوری کا جائزہ لینا تھا تاکہ عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا اور صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہسپتال انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال میں ادویات کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا اور فارمیسی میں موجود سٹاک کو چیک کیا۔ انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ ضروری ادویات کی مسلسل دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ مریضوں کو علاج کے دوران کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مزید برآں انہوں نے طبی و نیم طبی عملے کی حاضری اور ڈیوٹی روسٹر کا بھی معائنہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ تمام عملہ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دے۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سروس ڈیلیوری کو مزید مؤثر بنایا جائے اور مریضوں کو بروقت اور بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔
