آٹھ فروری کو نواز شریف کو وفاق اور پنجاب سے بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے، بلال اظہر کیانی

دینہ: مسلم لیگ (ن) ضلع جہلم کے سینئر وائس نائب صدر و سابق چیئر مین یوسی لدھڑ راجہ افراسیاب اور را جہ کامران سیاب صدر مسلم لیگ (ن) بیڈ فورڈ برطانیہ نے حلقہ این اے 60 کے امیدوار بلال اظہر کیانی کے اعزاز میں پنڈوڑی میں جلسہ کا انعقاد کیا۔

کامیاب پاور شو میں سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض، ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) ضلع جہلم حافظ اعجاز جنجوعہ، سابق ایم پی اے راجہ اویس خالد، یو تھ ونگ ڈویژن کے جنرل سیکرٹری غلام کیانی، آزاد کشمیر کے سابق وزیر چوہدری رخسار سمیت متعدد یونین کونسل کے چیئر مین و سابق کونسلررز سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حلقہ این اے 60 جہلم ون سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بلال اظہر کیانی نے کہا کہ 8 فروری کو میاں نو از شریف کو وفاق اور پنجاب سے بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے۔ نواز شریف کے سپاہی ہونے کے ناطے یہ ٹکٹ میرے لیے کوئی معنی نہیں رکھتا، آج کے ماحول سے ایسا لگ رہا ہے کہ ہم میاں نواز شریف کی جیت کا جشن منا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نواز شریف کی بہت ضرورت ہے۔ جس حالات میں ہمارا ملک گرا ہوا ہے، مہنگائی اور بے روزگاری اس سے نکالنے کے لیے تجربہ کار کی ضرورت ہے وہ میاں نواز شریف ہی تمام بحرانوں کا حل ہیں۔ اس ملک کے کوئی معاملات اگر سنبھال سکتا ہے تو وہ میاں نواز شریف ہے باتیں کم اور ڈلیور زیادہ کرتا ہے۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ پانچ سال میں نہیں بلکہ چار سال میں کیا، پورے ملک میں امن قائم کیا، آئی ایم ایف کو الوداع کہا اور اس شخص کو بڑی بے دردی سے ملک سے 2017 میں نکالا گیا، پھر اس نے سیاسی قیمت ادا نہیں کی صرف جیل ہی نہیں کاٹی، ناقابل تلافی نقصان برداشت کیے۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کو جب 2017 میں ملک سے نکالا گیا تو اس کی بیوی اور والدہ دونوں حیات تھیں جس دن اس کی بیوی بیمار تھی وہ شخص اپنی بیٹی کا ہاتھ تھام کر اڈیالہ جیل گیا، یہ جانتے ہوئے بھی کہ یہ سزا جعلی ہے، جب اس نے جیل میں ایک بار کہا کہ میری ایک دفعہ بات بیٹوں سے کراؤ تو وہ بھی اجازت نہ ملی جس جیلر نے اجازت نہ دی وہی جیلر آکر کہتا ہے کہ آپ کی بیوی کی وفات ہوگئی ہے اور اسی طرح والدہ کے جنازے میں بھی اجازت نہ دی گئی۔

لیگی امیدوار نے کہا کہ یہ بہت زیادہ نا قابل تلافی نقصان ہے، جب وہ شخص 21 اکتوبر کولا ہور آیا تو سب سے بڑے جلسے میں اس شخص نے اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کی بات نہ کی، اس نے اگر بات کی تو مہنگائی کی کی، قوم کے مسائل، غربت کے خاتمے، بجلی سستی کرنے کی، قوت خرید بڑھانے کی بات کی۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وہ وقت آگیا ہے کہ میاں نواز شریف کے ساتھ وفا نبھانے کے لیے 8 فروری کو شیر پر مہرلگا کر وفاق اور پنجاب میں میاں نواز شریف کی حکومت قائم کریں۔

تقریب سے مسلم لیگ (ن) جہلم کے ضلعی صدر حافظ اعجاز جنجوعہ نے کہا کہ میاں نواز شریف کے علاوہ ایسی کوئی شخصیت موجود نہ تھی جو ملک کے حالات کو دوبارہ ٹھیک کر سکیں۔ نواز شریف کے دور میں ڈالر سوکا، پٹرول 65 روپے، آٹا 25 روپے، چینی 35 روپے، اس کے بعد وہ آگیا اور ملک کا پیرا فرق کردیا۔

تقریب سے سابق ایم پی اے میر محمد فیاض نے کہا کہ آج پنڈوڑی میں راجہ افراسیاب اور ان کی پوری ٹیم نے محنت کر کے جلسے کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ بلال اظہر کیانی ضلع جہلم کے لیے ایک امید کی کرن ہیں، انشاء اللہ یہ ضلع جہلم کی تقدیر بدلیں گے۔

سابق ایم پی اے راجہ اولیں خالد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راجہ محمد افضل خان (مرحوم) کے بعد بلال اظہر کیانی ہمارے ضلع جہلم کی نمائندگی کر رہے ہیں اور ہم میاں نواز شریف کے سپاہی ہیں۔ 8 فروری کو بلال اظہر کیانی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے۔

راجہ افراسیاب نے کہا کہ میں تمام دوستوں کو پنڈوڑی کی سرزمین پرخوش آمدید کہتا ہوں اور بھر پور نمائندگی کر کے دوستوں نے میرا مان اور چار چاند لگا دیے ہیں۔ جو دوست تحریک انصاف چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوئے ہیں میں ان کی دل سے عزت کرتا ہوں اور ان کو بھر پور عزت دی جائے گی، ان کی طرف کوئی میلی آنکھ سے بھی نہیں دیکھ سکتا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button