جہلم: حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی شہر میں قبضہ مافیا سرگرم، سرکاری اراضی ایک بار پھر قبضہ مافیا کے نرغے میں، قبضہ مافیا نے شہر میں واقع سرکاری پلاٹوں اور زمینوں پر قبضے کرنے شروع کردیئے، متعلقہ افسران کی خاموشی سوالیہ نشان بن گئی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور ملحقہ علاقوں میں سرکاری پلاٹوں اورسرکاری زمینوں پر قبضوں کا ایک بار پھر سلسلہ شروع ہو گیاہے۔ بااثر قبضہ مافیا نے متعلقہ پولیس اور محکمہ مال کے عملہ کے ساتھ ساز باز کے بعد سرکاری پلاٹوں اور سرکاری زمینوں پر قبضے کرنے شروع کردیئے ہیں۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حکومت پنجاب میونسپل کمیٹی سمیت سرکاری محکموں کی جگہوں اور سرکاری زمینوں پر قبضوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ ضلعی انتظامیہ سب کچھ جاننے کے باوجود خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔ قبضہ مافیا کو متعلقہ پولیس کی محکمہ مال کے عملہ کی آشیر باد حاصل ہے۔
شہری تنظیموں کے عمائدین نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری پلاٹوں اور سرکاری زمینوں کو قبضہ مافیا سے واگزار کروا کر سرکاری تحویل میں لی جائیں تاکہ سرکاری اراضی محفوظ بنائی جا سکے۔
