سوہاوہ میں زمین پر قبضے کی جھوٹی اطلاع دینے والا ملزم گرفتار

سوہاوہ پولیس نے ایمرجنسی 15 پر زمین پر قبضے سے متعلق جھوٹی اطلاع دینے کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ملزم نے ایمرجنسی 15 پر کال کرکے زمین پر قبضے کے حوالے سے اطلاع دی، جو پولیس کے مطابق جھوٹی ثابت ہوئی۔ واقعے کے بعد ملزم کے خلاف تھانہ سوہاوہ میں مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی 15 پر جھوٹی اطلاع دینے سے پولیس کا قیمتی وقت صرف ہوا اور سرکاری وسائل استعمال ہوئے، جس پر ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق ایمرجنسی 15 عوام کو فوری مدد فراہم کرنے اور ہنگامی صورتِ حال میں بروقت پولیس رسپانس یقینی بنانے کے لیے قائم کی گئی ہے۔ اس سہولت کا غیر ضروری استعمال اور جھوٹی یا گمراہ کن اطلاعات دینا نہ صرف قانوناً جرم ہے بلکہ اس سے حقیقی ضرورت مند شہریوں کو بروقت مدد فراہم کرنے میں بھی رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ ایمرجنسی 15 عوام کی فوری مدد اور پولیس کی بروقت کارروائی کے لیے ایک اہم سہولت ہے، اس لیے شہریوں کو چاہیے کہ وہ اس کا ذمہ داری کے ساتھ استعمال کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ جھوٹی یا گمراہ کن کالز کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس شہریوں کے تحفظ اور ہنگامی حالات میں فوری مدد کی فراہمی کے لیے اپنے وسائل مؤثر انداز میں استعمال کرنے کے لیے پرعزم ہے۔



