پنڈدادنخان کے علاقہ کسلیاں میں ہمدم ویلفیئر سوسائٹی کی طرف سے نئی ایمبولینس کا شاندار افتتاح

پنڈدادنخان کے چھوٹے سے گاؤں کسلیاں میں ہمدم ویلفیئر سوسائٹی کی طرف سے دوسری ایمبولینس سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا جس میں علاقے بھر سے معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ان کے اس کام پر ہمدم ویلفیئر کی پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا اور بہترین کارکردگی پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر معروف مولانا حافظ لئیق احمد چشتی نے کہا کہ خدمت خلق ایک عظیم عبادت ہے۔ ایسے لوگ موسم سرما ہو یا گرما ہمیشہ انسانیت کی خدمت کوفوقیت دیا کرتے ہیں۔ قرآن مجید میں واضح فرما دیا گیا ہے کہ جو چیزیں انسانیت کے لیے نفع کا باعث ہوں ان چیزوں کو دوام ملتا ہے ۔
ہمدم ویلفیئر سوسائٹی کے ڈائریکٹر محمد سہیل تاجک نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں آج جو کچھ بھی ہوں اپنے والدین اور اپنے بڑے بھائی زبیر تاجک کی وجہ سے ہوں۔آج میرے والد زندہ ہوتے تو کتنے خوش ہوتے ہمدم ویلفیئر سوسائٹی چلانے میں ہماری ماؤں اور بہنوں کی بھی قربانیاں بھی اس میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم فرقہ واریت ذات پات سے بالاتر ہوکر کام چلا رہے ہیں اور ایک ایک پائی کا حساب اور اس سے متعلق ہر فورم پر تمام سوالات کے جوابات دینے کے لیے ہر وقت تیار ہوں اور ہم مشکور ہیں ان تمام دوستوں کے جو اس سسٹم پر بھر پور اعتماد کرتے ہیں ہم عہد کرتے ہیں کہ انشاءاللہ آپ کے اس اعتماد کو ہمیشہ برقرار رکھا جائے گا۔



