الیکشن میں ایک ماہ باقی، ضلع جہلم میں انتخابی ماحول نہ بن سکا

جہلم: آمدہ عام انتخابات میں انعقاد کے لیے ایک ماہ سے بھی کم وقت باقی رہ گیا لیکن تاحال ضلع جہلم میں انتخابی ماحول نہ بن سکا۔
عوام کے ساتھ ساتھ سیاسی جما عتیں اور امیدواربے چینی کا شکار ہیں، الیکشن کے حوالے سے ضلع بھر میں سازشوں اور ان کے التوا کے حوالے سے افواہیں پھیلانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
دوسری جانب سیاسی جماعتوں کی حالت یہ ہے کہ ابھی تک کوئی بھی جماعت الیکشن کے لیے اپنے امیدواروں کے حتمی ناموں کا اعلان نہیں کر پائی، یہی وجہ ہے کہ امیدوار انفرادی طور پر بھی اوپن انتخابی مہم کا آغاز نہیں کر سکے۔
جماعت اسلامی کے علاوہ مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی، تحریک انصاف ، ٹی ایل پی اور استحکام پاکستان پارٹی میں سے کسی جماعت کی جانب سے کسی سطح پر کوئی انتخابی سرگرمی دیکھنے میں نہیں آرہی جس کی وجہ سے ووٹرزمایوسی اور بے چینی کا شکار دکھائی دیتے ہیں اور ان کو یہ یقین ہی نہیں آرہا کہ ملک میں آمدہ چند دنوں بعد الیکشن ہونے جارہے ہیں۔



