شدید بارشوں کا الرٹ، دریاؤں میں طغیانی اور بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ

جہلم: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کے پیش نظر 19 سے 25 جولائی کے دوران دریاؤں، ندی نالوں اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

الرٹ کے مطابق ضلع جہلم سمیت بالائی پنجاب، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں فلیش فلڈ اور اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 20 سے 25 جولائی کے دوران شدید مون سون بارشوں اور مغربی ہواؤں کے طاقتور سلسلے کے باعث بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، جن سے دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ دریائے جہلم (منگلا) اور دریائے چناب (مرالہ) کے بالائی حصوں میں سیلابی ریلوں کا امکان ہے جبکہ شدید بارشوں کے باعث نشیبی شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ بھی پیدا ہو سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مری، گلیات، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا اور بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں میں فلیش فلڈ کا خدشہ ہے۔ اسی طرح ڈی جی خان اور راجن پور کے پہاڑی برساتی نالوں (ہل ٹورنٹس) میں بھی طغیانی کا ہائی رسک موجود ہے۔

الرٹ کے مطابق سیالکوٹ کے پلکھو، منور توی اور جموں توی، نارووال کے بین، بستر اور ڈیگ نالوں، گجرات میں بھمبر سے آنے والے نالوں اور مریدکے کے علاقوں میں بھی فلیش فلڈ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسمی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے، غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے اور دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کے قریب جانے سے اجتناب کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button