جہلم میں 19 سال قبل شہری کو قتل کر کے برطانیہ فرار ہونے والے اشتہاری ملزم کو پاکستان واپسی پر اسلام آباد ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 8 ستمبر 2005 کو جہلم میں تھانہ صدر کے علاقہ کوٹھا سواریہ میں ملزم کامران حسین نے درینہ رنجش پر دینہ سے گھر جاتے ہوئے عابد حسین نامی شہری کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
ملزم کامران قتل کی واردات کے بعد گرفتاری سے بچنے کے لئے برطانیہ جا کر روپوش ہوگیا تھا۔ تھانہ صدر پولیس نے ایف آئی اے کی مدد سے ہیومن ریسورس اور جدید سائنٹیفک طریقہ کار کا استعمال کرتے ہوئے 19 سال بعد اشتہاری ملزم کامران حسین کو پاکستان واپسی پر اسلام آباد ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے ٹیم نے ملزم کو تھانہ صدر پولیس جہلم کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے ملزم کامران کو تھانے منتقل کر کے تفتیش شروع کردی۔
