ڈومیلی میں دو کمسن سگی بہنیں نالہ گھان عبور کرتے ہوئے پانی میں ڈوب کر جاں بحق

سوہاوہ: ڈومیلی کے نواحی علاقے میں دو کمسن سگی بہنیں نالہ گھان عبور کرتے ہوئے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے نواحی علاقے میں ایک دلخراش حادثے کے نتیجے میں دو کمسن سگی بہنیں برساتی نالہ عبور کرتے ہوئے پانی کے تیز بہاؤ کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئیں۔ افسوسناک واقعے سے علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔
ریسکیو حکام کے مطابق کنٹرول روم کو صبح 10:30 بجے اطلاع موصول ہوئی کہ دو لڑکیاں اپنی والدہ کے ہمراہ گڑھا اتم سنگھ (بابا پیر دامن والی سرکار) زیارت کے لیے آئی تھیں۔ واپسی کے دوران نالہ گھان عبور کرتے ہوئے اچانک پانی کے تیز بہاؤ نے دونوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، تاہم مقامی افراد ریسکیو ٹیم کی آمد سے قبل ہی دونوں بچیوں کو پانی سے نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کر چکے تھے، جہاں ان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی گئی۔ بعد ازاں ریسکیو ٹیم نے ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد دونوں کی میتیں ورثاء کے حوالے کر دیں۔
جاں بحق ہونے والی بچیوں کی شناخت عنایہ دختر محمد سعید (عمر 13 سال) اور آمنہ دختر محمد سعید (عمر 10/11 سال) کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں کا تعلق ڈھوک گنیالیہ (رائے پور) تحصیل سوہاوہ سے تھا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں بہنیں اپنی والدہ اور دیگر اہل خانہ کے ہمراہ دربار پر حاضری کے لیے آئی تھیں۔ واپسی کے دوران نالہ عبور کرتے وقت ایک بچی کا پاؤں پھسل گیا، جسے بچانے کی کوشش میں دوسری بہن بھی پانی کے تیز بہاؤ کی نذر ہو گئی۔



