عوامی مقامات پر فائر سیفٹی کے معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختلف پلازوں، نجی کلینکس اور دکانوں میں فائر سیفٹی آلات کی تنصیب اور فعالیت کا معائنہ مسلسل جاری ہے۔
اس مہم کا بنیادی مقصد کسی بھی ہنگامی صورتحال میں جانی و مالی نقصان سے بچاؤ کے لیے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانا ہے۔
چیکنگ کے دوران ضلعی ٹیموں نے مختلف تجارتی مراکز اور طبی اداروں میں آگ بجھانے والے آلات، فائر الارم سسٹمز اور ہنگامی اخراج کے راستوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انتظامیہ کی جانب سے ان اداروں اور دکانداروں کو پہلے ہی نوٹسز جاری کیے جا چکے تھے، جن میں فائر سیفٹی آلات کی تنصیب اور قوانین پر عملدرآمد کی ہدایات دی گئی تھیں۔ اب ان نوٹسز کی تعمیل کا باریک بینی سے معائنہ کیا جا رہا ہے تاکہ کسی قسم کی کوتاہی سامنے نہ آئے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مقامات پر فائر سیفٹی کے معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نوٹسز کے باوجود حفاظتی آلات نصب نہ کرنے والے پلازوں، کلینکس یا دکانوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کیونکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق فائر سیفٹی سے متعلق یہ مہم آئندہ بھی جاری رہے گی تاکہ شہر بھر میں حفاظتی قوانین پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے قبل مؤثر احتیاطی اقدامات کیے جا سکیں۔



