اسکول ٹیچر کو حبس بے جا میں رکھنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے والے دو ملزمان گرفتار

دینہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسکول ٹیچر کو حبسِ بے جا میں رکھنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے تھانہ دینہ کے ایس ایچ او اور ان کی ٹیم نے دو ملزمان کو حراست میں لیا، جنہوں نے ایک اسکول ٹیچر کو زبردستی قید میں رکھا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر کارروائی کی اور تھانہ دینہ میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس حوالے سے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون شکن عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے، اور کسی کو بھی شہریوں کے بنیادی حقوق پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔



