جہلم: موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث زیبی گینگ کے سرغنہ کو پولیس نے ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سول لائنز جہلم اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں مبینہ طور پر متحرک زیبی گینگ کے سرغنہ سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 عدد چوری شدہ موٹر سائیکلیں بھی برآمد کرلی گئی ہیں۔ پولیس کی جانب سے گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے دوران موٹر سائیکل چوری کی دیگر وارداتوں اور ممکنہ طور پر گینگ کے مزید ساتھیوں کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور انہیں مکمل شواہد کے ساتھ چالان کرکے عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں قانون کے مطابق انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے پیروی کی جائے گی۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل چوری سمیت دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
