جشن بڑاگواہ میلہ؛ راجہ اکرم عرف پپوکے اونٹ نے 33 من 20 کلو وزن اٹھا کر میدان مار لیا

سوہاوہ: ڈومیلی کے علاقہ بڑاگواہ میں سالانہ جشن بڑاگواہ میلہ کا انعقاد کیا گیا جس میں اونٹوں پر وزن اٹھانے کااکھاڑہ منعقد ہوا۔

اکھاڑا میں پنجاب کے مختلف اضلاع سمیت آزادکشمیر سے اونٹوں نے شرکت کی۔ اونٹوں کو کلیوں اور سجاوٹی پھولوں سے دلہن کی طرح سجاکرمیدان میں اتاراگیا۔ اس موقع پر کھانے پینے کے اسٹال سمیت بچوں کی تفریح کیلیے جھولے وغیرہ بھی لگائے گئے تھے۔

اکھاڑہ کے چیف آرگنائزر نوجوانوں کے لیڈرثقافت کے بادشاہ پہلوان راجہ احسان کیانی تھے۔ سیاسی و سماجی شخصیت ملک مدثر ڈھا نگری، مسلم لیگ ن راولپنڈی ڈویژن سے جنرل سیکرٹری یوتھ ونگ غلام حسین کیانی سمیت دیگر شامل تھے۔

اونٹوں پر وزن اٹھانے کے مقابلوں کے میں سب سے پہلے اونٹوں کے مالکان کے سامنے وزن تولا جاتاہے جو بوریوں میں بندہوتاہے۔اس کے بعد اونٹوں پر لادہ جاتا ہے جسے بڑی مہارت کیساتھ باندھاجاتاہے۔ اس اکھاڑہ میں بھیٹ کے راجہ اکرم عرف پپو کے اونٹ "آیا بھیٹ الہ” نے 33من 20کلو وزن اٹھاکرمیدان مار لیا۔

کامیابی پر اونٹ مالک راجہ اکرم اور اہل بھیٹ کے لوگوں نے خوب بھنگڑےڈالے اور نوٹ نچھاور کئے۔ اکھاڑہ کے اختتام پر کامیاب اونٹوں کے مالکان کو انعامات سے نوازا گیا۔

بہترین کوریج پر تحصیل پریس کلب سوہاوہ کی میڈیاٹیم کو بھی شیلڈز سے نوازا گیا۔اچھے انتظامات اور کامیاب اکھاڑہ منعقدکرنے پر مہمانوں اونٹوں کے مالکان اور شائقین نے پہلوان راجہ احسان کیانی کومبارکبادپیش کی۔

مہمانوں کا مزید کہناتھاکہ ایسے ثقافتی میلوں کے انعقاد ہماری ثقافت اور روایات کو زندہ رکھنے اور نئی نسل کو روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

Exit mobile version