جہلم میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 28 سالہ بینک ملازم کو قتل کر دیا

19

جہلم کے نواحی علاقے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 24 سالہ بینک ملازم کو قتل کر دیا۔ لاش ویران مقام سے برآمد، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی

تفصیلات کے مطابق جہلم کے تھانہ صدر کے علاقے میں فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں کوٹا سواریہ کے رہائشی 28 سالہ بینک ملازم نعمان مصطفیٰ چوہدری کو قتل کر دیا گیا۔

مقتول کی لاش ویران مقام سے برآمد ہونے پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس کی بھاری نفری اور کرائم سین یونٹ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقتول نعمان میرپور سے واپسی پر اپنے گھر آ رہا تھا کہ بیلا بھوندنہ جٹاں کے قریب نامعلوم افراد نے راستے میں اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

پولیس نے مقتول نعمان کی لاش کو پوسٹمارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کر دیا.

لواحقین کے مطابق مقتول نعمان نے چند ماہ قبل چیچیاں بینک میں ملازمت اختیار کی تھی اور اس کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں تھی۔

اہلِ خانہ کے مطابق نعمان ایک شریف اور محنتی نوجوان تھا، جس کا کسی تنازع یا جھگڑے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ دوسری جانب پولیس مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے کہ آیا یہ ڈکیتی کی کوشش تھی یا کسی ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے فرانزک جانچ کے لیے بھجوا دیے ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Exit mobile version