شہید کانسٹیبل محمد امین کی 27ویں برسی، جہلم پولیس کے چاک و چوبند دستے کی سلامی

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کے احکامات پر ڈی ایس پی سٹی میاں عبدالجبار نے شہید کانسٹیبل محمد امین کی 27ویں برسی کے موقع پر تحصیل سرائے عالمگیر کے علاقے معصوم پور میں واقع شہید کی آخری آرام گاہ پر حاضری دی۔
اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کی لحد پر سلامی پیش کی۔ ڈی ایس پی سٹی میاں عبدالجبار نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی اور خصوصی دعا کی۔
یاد رہے کہ کانسٹیبل محمد امین یکم مارچ 1999 کو خطرناک اشتہاری ملزمان کے ساتھ مقابلے کے دوران فائرنگ سے جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔ شہید محمد امین کو ایک بہادر، نڈر اور فرض شناس پولیس اہلکار کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے محکمہ پولیس کے لیے جان کا نذرانہ پیش کیا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ کانسٹیبل محمد امین شہید کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے پولیس ہمارے محسن ہیں جنہوں نے اپنی جانیں قربان کر کے محکمہ پولیس کا سر فخر سے بلند کیا اور پولیس فورس شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔



